پنجاب حکومت پھر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے :پیپلز پارٹی
لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنما حسن مرتضیٰ نے سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے شیڈول کے بعد ڈپٹی کمشنر کی تبدیلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)کی صوبائی حکومت گھبرا کر پھر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔
پی پی- 52کا شیڈول آنے کے بعد ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی تبدیلی کھلی دھاندلی ہے ، الیکشن شیڈول آنے کے بعد پنجاب انتظامیہ کس قانون کے تحت سیالکوٹ میں تقرر تبادلے کر رہی ہے ۔ الیکشن شیڈول کے بعد کسی سے چارج لے کر بھی پوسٹنگ نہیں کی جا سکتی، سرکاری افسران کسی فرد واحد کے بجائے ریاست کی ملازمت کریں، پیپلز پارٹی اس پر احتجاج اور الیکشن کمشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ ابھی تو کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں تو یہ بوکھلا اٹھے ہیں، جب انتخابی میدان لگے گا تو پھر یہ لوگ کیا کریں گے ۔الیکشن کمیشن ضمنی الیکشن والے حلقوں میں اپنی رٹ قائم کرے۔