اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم تیز کی جائیگی:ہشام الٰہی
لاہور(سیاسی نمائندہ)جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدرعلامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا کہ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم مزید تیز کی جائے گی۔
لاہور انتظامیہ مینار پاکستان فلسطین کانفرنس کے بینرز اور بورڈ اتار رہی جس کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔بھارت،اسرائیل اسلام، انسانیت کے دشمن ہیں۔ تمام جماعتیں فلسطین پر جاری اسرائیلی مظالم کیخلاف ‘‘اسرائیل مردہ باد ملین مارچ’’ میں شرکت کو یقینی بنائیں۔پاکستان ایک مضبوط،خود مختار اور ناقابلِ تسخیر ملک ہے۔ جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے اپنی گفتگو میں کہا کہ فلسطین کانفرنس سے مسلم دنیا کے حکمرانوں کو بھی پیغام ملے گا کہ وہ بے حمیتی ترک کریں۔ حکومت پاکستان تمام مملکت اسلامیہ اہل غزہ کی مدد کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ اس وقت غزہ میں مسلمان بچے بچیاں بوڑھے خواتین کی بڑی تعداد پر اسرائیلی مظالم کی انتہا ہو چکی ہے، بیت المقدس ہمارا قبلہ اول ہے ہم حکمرانوں سے بھی امید رکھتے ہیں وہ فلسطین اور اہل غزہ کے حقوق کے لئے آگے بڑھیں۔بھارتی جارحانہ اقدامات کیخلاف پوری قوم متحد ہے ۔پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ہمیشہ خطے میں امن کے قیام کیلئے سنجیدہ کوششیں کرتا رہا ہے۔