محکمہ تعلیم کا اساتذہ کو الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ
لاہور(عاطف پرویز سے)محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ کو بھی الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ کیا ہے، خصوصی طور پر خواتین اساتذہ کو سکیم کا حصہ بنایا جائے گا۔ اگلے مالی سال میں منصوبے میں فنڈز رکھے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق طلبہ کے بعد اب اساتذہ کو بھی ای بائیکس دی جائیں گی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے منصوبے پر کام شروع کردیا۔ آسان اقساط پر اساتذہ کو ای بائیکس دی جائیں گی،خواتین اساتذہ کو سکیم میں ترجیح دی جائے گی ،اگلے مالی سال میں سکیم میں خصوصی بجٹ رکھا جائے گا، محکمہ سکول اور محکمہ ٹرانسپورٹ میں اشتراک ہوگا۔ فیصلہ خواتین اساتذہ کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ خواتین اساتذہ کو سکول آنے جانے کے لیے ٹرانسپورٹ کی کمی کا سامنا رہتا ہے۔ انہیں مسائل کو دیکھتے ہوئے اکثر فی میل اساتذہ سارا سال گھر سے قریب سکولوں میں تبادلوں کے لیے کوشاں رہتی ہیں اور سخت پالیسی کی وجہ سے تبادلے ممکن نہیں ہوتے۔ وزیر تعلیم سکندر حیات کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی ویلفیئر کے لیے جو ممکن اقدامات ہیں کروں گا۔ اساتذہ کو ذہنی سکون دے رہے ہیں تاکہ ان کی ساری توجہ تدریس پر ہو۔میری معلومات میں یہ بات آئی تھی کہ اساتذہ سفری پریشانیوں کا شکار ہیں، حکومت تعلیمی شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔