پولیس مقابلہ،اغوابرائے تاوان کاملزم ہلاک،دوساتھی فرار

پولیس مقابلہ،اغوابرائے تاوان کاملزم ہلاک،دوساتھی فرار

قصور(نمائندہ دنیا) کوٹ رادھاکشن کے نواح میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 14سالہ لڑکے کو اغوا برائے تاوان کی واردات میں قتل کرنے والا ملزم ہلاک ہوگیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم نے 6روز قبل تین بہنوں کے اکلوتے بھائی عزیر کو اغوا برائے تاوان کی واردات میں بے دردی سے قتل کردیاتھا۔ ڈی پی اوقصور عیسیٰ خاں نے ڈی ایس پی صدر سرکل افضل ڈوگر کی سربراہی میں تین رکنی سپیشل ٹیم تشکیل دے رکھی تھی۔ گذشتہ روز پولیس تھانہ کوٹ رادھاکشن نے موٹرسائیکل پر سوار تین مشکوک ملزموں کو چھینہ روڈ پر رُکنے کا اشارہ کیاتو ملزم رُکنے کی بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے کھیتوں میں داخل ہوگئے۔ ملزموں کی اپنی فائرنگ سے ایک ملزم مبین اشرف شدید زخمی ہوگیاجبکہ اُسکے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ملزم کو ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ رادھاکشن لے جایا جارہاتھا کہ راستہ میں دم توڑ گیا۔ ہلاک ملزم باوے والا دھالہ کلاں کے رہائشی تھا۔ پولیس تھانہ کوٹ رادھاکشن نے مقدمہ درج کرکے فرار ملزموں کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی صدر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں