رکشہ یونین کا بھارتی جنگی جنون کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
لاہور(این این آئی)عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکزی چیئرمین مجیدغوری اور دیگر مقررین نے کہا پاکستان کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔۔۔
پاکستان کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کے ساتھ کھڑا ہے ،ہمارا ہر مزدور فوجی جوانوں کے ہمراہ لڑنے اور کٹ مرنے کو تیار ہے ،امریکہ،بھارت، اسرائیل عالمی امن کے دشمن ہیں،فلسطین اور کشمیرکی آزادی اب نوشتہ دیوار بن چکی ہے ۔ان خیا لات کا اظہا رانہوں نے گزشتہ روز افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اوربھارتی جنگی جنون کے خلاف امریکی قونصلیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا 25کروڑ عوام اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ موجود ہیں۔پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے ۔ بھارت میں جب بھی الیکشن ہوتے ہیں سوچی سمجھی سکیم کے تحت کوئی نہ کوئی دہشت گردی کا واقعہ ہو جاتا ہے ۔ واقعے کے چند منٹوں بعد ہی ہندوستانی انتہا پسند میڈیا نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر الزامات لگا کر سارے واقعے کو مشکوک بنا دیا ، عالمی برادری مودی حکومت کے یکطرفہ اقدام کا نوٹس لے ۔