پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں : ملک احمد خان

پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں : ملک احمد خان

لاہور(سیاسی نمائندہ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مقامی ہوٹل میں پاک بھارت مسائل، پاک فوج کا کردار، کشمیر، دہشت گردی، پانی اور دیگر مسائل: حل کیا؟ اور یو این او کا کردار کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں۔۔۔

پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور ہماری افواج، قیادت اور عوام متحد ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت کا اصل مسئلہ پاکستان کے وجود سے ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا یہ تنازعہ محض سرحدی نہیں بلکہ کروڑوں انسانوں کے بنیادی حقِ خودارادیت سے جڑا مسئلہ ہے۔ کشمیر پر جھگڑا صدیوں پرانا ہے، استصوابِ رائے ہی اس کا واحد حل ہے۔ بھارت نے آئینی ترامیم کے ذریعے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے ہیں اور ان کی زندگی اجیرن بنا دی۔ اگر بھارت پانی روکنے یا آبی جارحیت کی کوشش کرے گا تو یہ عمل ‘ایکٹ آف وار’ کے زمرے میں آئے گا۔ بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کو افغانستان میں سیف ہیون حاصل ہے اور پاکستان مسلسل بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد افضل، بشپ آف لاہور ندیم کامران، حنا پرویز بٹ سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں