بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور ،فنڈز کا اجرا منظور

بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور ،فنڈز کا اجرا منظور

لاہور(سٹاف رپورٹر سے)بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور پراجیکٹ کی منظوری مل گئی۔ وفاقی حکومت نے منصوبے کیلئے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی جس سے شہر میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہونے کے امکانات روشن ہوگئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے کے افتتاح کے دوران بند روڈ پر سروس روڈ کو مزید کشادہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں بھی ختم ہونے لگیں، پنجاب حکومت نے اراضی ایکوائر کرنے کیلئے سیکشن فور نافذ کر دیا۔بابو صابو کے مقام پر 38 کنال 11 مرلے جبکہ مجموعی طور پر 30 کنال سے زائد اراضی حاصل کی جائے گی۔بند روڈ پر پولیس سٹیشن، پٹرول پمپس اور دیگر کمرشل سٹرکچرز بھی منصوبے کی زد میں آئیں گے ۔یہ تمام تنصیبات ایکوائر کی جانے والی اراضی میں شامل ہیں۔متاثرہ افراد کو سٹرکچر اور ڈسٹربنس الاؤنس بھی دیا جائے گا تاکہ مالی نقصان کا ازالہ کیا جا سکے ۔منصوبے کے لئے 2ارب 10 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ، فی مرلہ ریٹ 35 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ۔پنجاب حکومت کی جانب سے سیکشن 6 کے نفاذ کے بعد مکمل اراضی ایکوزیشن کا عمل شروع کیا جائے گا۔بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور شہر کے مرکزی داخلے اور بابو صابو انٹرچینج کو جدید طرز پر ترقی دینے کی کوشش ہے ،جہاں روزانہ ہزاروں گاڑیاں گھنٹوں ٹریفک جام کا شکار ہوتی ہیں۔ اگر اراضی کی منتقلی اور فنڈز کا اجرا بروقت ہوا تو لاہور کا یہ سب سے اہم انفراسٹرکچر پراجیکٹ 2026 میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں