نیدر لینڈ سے نرگس کے بیج نہ پہنچنے پر نمائش منصوبہ بند
لاہور (سٹاف رپورٹر سے) پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی جانب سے لاہور میں پہلی بار نرگس کے پھولوں کی نمائش کے منصوبے نے شہریوں کو تفریح کی نئی امید دلائی۔۔۔
مگر نیدرلینڈ سے درآمد کئے جانے والے بیج بروقت پاکستان نہ پہنچ سکے جس کے باعث منصوبہ بند کرنا پڑا۔ذرائع کے مطابق ٹیولپ کے بیج نیدرلینڈ سے منگوائے جانے تھے ، جنہیں مری میں قائم نرسری میں اگایا جانا تھا۔ پی ایچ اے نے اس مقصد کیلئے مری میں زمین حاصل کر کے لاکھوں روپے بھی خرچ کر دئیے لیکن بیج نہ آ سکے اور شہریوں کو ایک منفرد تفریحی کے موقع سے محروم کر دیا گیا۔دسمبر میں لاہور کے پارکوں کو ٹیولپ کی خوشبو سے معطر کرنے کی تیاری مکمل کی جا رہی تھی، مگر اب پی ایچ اے کو سبکی کا سامنا ہے ۔ بلند دعوؤں اور اخراجات کے باوجود شہریوں کو صرف انتظار ہی ملا۔لاہور میں پہلی بار لگنے والی بین الاقوامی طرز کی ٹیولپ نمائش کی مبینہ ناکامی سے پی ایچ اے کی کارکردگی پر سوال اٹھنے لگے۔ یہ منصوبہ صرف مالی نقصان نہیں بلکہ شہریوں کی توقعات کے قتل کے مترادف بھی ہے ۔پراجیکٹ ڈائریکٹر شفیق رضا کے مطابق پھولوں کی عدم فراہمی کے باعث نمائش کا منصوبہ بند کر دیا گیا ہے۔