علما کی سلمان رفیق اور ایڈیشنل ہوم سیکریٹریز سے ملاقات

 علما کی سلمان رفیق اور ایڈیشنل ہوم سیکریٹریز سے ملاقات

لاہور(سیاسی نمائندہ)اہلحدیث و دیوبند مکتبہ فکر کے علما کرام کی صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور ایڈیشنل ہوم سیکریٹریز سے ملاقات ہوئی۔۔۔

 جس میں علما نے فرقہ وارانہ کشیدگی اور منافرت کو ختم کرنے کے لئے عملی اقدامات کے بارے میں تجاویز دیں۔صوبائی وزیر صحت کے ساتھ اس بات پر اتفاق ہوا کہ ہم اس وقت اپنے مشترکہ دشمن بھارت کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں ،ہمیں ہر صورت قوم کو متحد ررکھنا ہے ، ملک فرقہ واریت، جتھے بازی ،شر پسندی اور کسی قسم کی کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ وفد میں جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر،حافظ اسعد عبید، حافظ نصیر احمد احرار،مولانا عبدالرؤف فاروقی، مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا عبدالوحید روپڑی،بابر فاروق رحیمی،مولانا انقلابی کے علاوہ متعدد ر ہنماؤں نے شرکت کی۔ علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمیں قانون کے دائرہ کار میں رہ کر شر پسندوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد رہنا ہے ،شعائر اللہ پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی شعائر اللہ کے تحفظ کے لئے ہمارا تن من دھن قربان ہے ۔ مساجد، دینی مدارس کو تالے ،سیل کرنا اسلامی اصولوں اور قرآن و سنت کے منافی ہے ۔حافظ اسعد عبید اللہ،حافظ نصیر احمد احرار نے کہا مساجد اللہ تعالیٰ کا گھر ہیں ان پر حملہ کرنے والے گروہ مسلمان نہیں ہو سکتے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں