مرکزی شاہراہوں پر ’’پیڈیسٹرین ہاٹ سپاٹس‘‘ بنانے کا فیصلہ

لاہور (سٹاف رپورٹر سے) لاہور کی مصروف سڑکوں پر گاڑیوں کے شور و ہجوم میں اب پیدل چلنے والوں کو بھی تحفظ ملنے جا رہا ہے۔
ٹیپا نے شہر کی مرکزی شاہراہوں پر ’’پیڈیسٹرین ہاٹ سپاٹس‘‘بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے ، تاکہ شہریوں کو سڑک پار کرنے کے دوران درپیش خطرات سے بچایا جا سکے ۔یہ زونز ایسے مقامات پر بنائے جائیں گے جہاں پیدل افراد کی آمد و رفت زیادہ ہے ، اور ٹریفک کے بہاؤ میں مسلسل خلل پڑتا ہے ۔ٹیپا کے مطابق آئندہ مالی سال ابتدائی طور پر 10 مقامات پر ان زونز کے قیام کیلئے 9 کروڑ 60 لاکھ روپے کا بجٹ تخمینہ تیار کیا گیا ہے ۔شہر کی مرکزی شاہراہوں کے یو ٹرنز اور وہ پوائنٹس جہاں روزانہ ہزاروں افراد سڑک پار کرتے ہیں، ان کو اس منصوبے کا حصہ بنایا جائے گا۔ٹیپا کے انجینئرز نے پہلے مرحلے میں پائن ایونیو پر اس ماڈل کا کامیاب تجربہ کیا، جہاں سپیڈ ٹیبلز، مناسب سائن بورڈز، کیٹ آئیز، اور پیدل افراد کے لئے مخصوص سگنلز نصب کئے گئے ۔ ٹیپا کا مؤقف ہے کہ جدید شہری انفراسٹرکچر میں پیدل افراد کے لئے علیحدہ زونز بنانا ناگزیر ضرورت بن چکا ہے ، اگر یہ منصوبہ کامیاب ہو جاتا ہے تو نہ صرف شہریوں کو تحفظ ملے گا بلکہ لاہور کا ٹریفک سسٹم بھی بہتری کی طرف گامزن ہو گا۔