مختلف اضلاع میں 7 نئے تھانوں کے قیام کی منظوری

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں ایس سی سی ایل او کا 28 واں اجلاس ہوا۔
صوبائی وزرا سید عاشق حسین کرمانی اور بلال اکبر خان شریک ہوئے ۔ صوبائی وزیر قانون محمد صہیب احمد بھرتھ نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ملکی حالات کے تناظر میں صوبہ بھر کے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ کابینہ کمیٹی نے مختلف اضلاع میں 7 نئے تھانوں کے قیام کی منظوری بھی دی۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو آٹومیٹڈ ڈی این اے ایکٹریکشن سسٹم کے قیام کیلئے 105 ملین کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ۔