بلاول بھٹو جلد وزیراعظم ہوں گے : گورنر پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے عید الاضحی کی نماز اپنے آبائی گاؤں ڈھرنال، فتح جنگ، ضلع اٹک میں ادا کی۔ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی،کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کی آزادی کے لئے دعا کی گئی۔
نمازعید کے بعد گورنرپنجاب مقامی افراد میں گھل مِل گئے اوران کوعیدکی مبارکباددی۔ انہوں نے عید کے دوسرے روز سنت ابراہیمی ادا کی،قصاب کے ساتھ مل کر گائے کی قربانی کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنرپنجاب نے کہا ہمیں سنت ابراہیمی ادا کرنے کے ساتھ ساتھ آپس کی نفرتیں ختم کر کے اللہ کے حکم پر عمل پیرا ہونا ہے ۔ انہوں نے کہا جس طرح بلاول بھٹو سفارتی محاذ پر پاکستان کا دفاع کر رہے ہیں وہ دن دور نہیں جب وہ ملک کے وزیراعظم ہوں گے ۔ بعد ازاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو ڈھرنال ضلع اٹک میں کھلی کچہری کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلی فون پرعید کی مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔گورنرپنجاب نے کھلی کچہری میں آئے لوگوں سے سپیکر آن کر کے وزیراعظم کی بات بھی کر ائی۔ قبل ازیں گورنر پنجاب نے صدر مملکت آصف زرداری سے بھی ایوان صدر میں ملاقات کی۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب نے سدھریال میں کیٹل فارم ہائوس کا افتتاح کیا۔