محرم:امن و امان کیلئے پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق جاری

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان علما کونسل نے محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔
پاکستان علما کونسل نے تمام مکاتب فکر اور مذاہب کی مشاورت سے ضابطہ اخلاق جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ، خطبا، ذاکرین، واعظین، پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں گے، کسی بھی خطیب، ذاکر یا واعظ کے ضابطہ اخلاق کے خلاف عمل کی تائید و حمایت نہیں کی جائے گی۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کیا جائے گا۔ لاہور میں مختلف مکاتب فکر کے علما و مشائخ کا اجلاس ہوا، صدارت حافظ طاہر محمود اشرفی نے کی، اجلاس میں مولانا اسد عبید ، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ ڈاکٹر محمد سبطین اکبر، علامہ رائے ظفر علی، آغا شاہ حسین قزلباش، خرم نقوی، قاسم علی شاہ، شکیل الرحمن ناصر، حافظ اصغر گجر، مولانا عبد الحکیم اطہر، مولانا اسلم صدیقی، مولانا قاری مبشر رحیمی، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا حق نواز خالد، مولانا محمد احمد مکی،مولانا عزیز الرحمن معاویہ اور دیگر علما و مشائخ نے شرکت کی۔