اگست سے ای ٹیکسی سکیم شروع ، خصوصی پورٹل کی تیاری
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)پنجاب حکومت نے صوبے میں ماحولیاتی تحفظ اور محفوظ سفری سہولیات کے فروغ کیلئے ای ٹیکسی سکیم کے آغاز کا فیصلہ کرلیا۔ سکیم کا آغاز اگست میں کیا جائے گا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے منصوبے پر مکمل ورکنگ کر لی درخواستوں کی آن لائن وصولی کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مدد سے خصوصی پورٹل تیار کیا جا رہا ہے ۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کے مطابق ابتدائی طور پر نو کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے جو بلا سود آسان اقساط پر گاڑیاں فراہم کریں گی۔منصوبے کا بزنس وفنانشل ماڈل بھی تیار کر لیا گیا، جسکے تحت فلیٹ آنرز، انفرادی درخواست گزاروں اور رائیڈ کمپنیوں کو ای ٹیکسیز فراہم کی جائینگی۔ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 1100 ای ٹیکسیز فراہم کی جائیں گی۔ ان میں سے 1000 گاڑیاں فلیٹ آنرز کو دی جائیں گی جبکہ 100 ای ٹیکسیز انفرادی افراد کے لیے مختص ہوں گی۔جبکہ انفرادی درخواست دہندگان میں مردوں کو 30 فیصد اور خواتین کو 40 فیصد ڈاؤن پیمنٹ جمع کروانا ہو گی۔خواتین کی شرکت یقینی بنانے کے لیے خصوصی کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے ، 30 ای ٹیکسیز خواتین کو ملیں گی۔