جوہر ٹاؤن ، گلبرگ سکیم ، 650 کمرشل املاک کو نوٹسز
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایل ڈی اے کے مختلف سیکشنز کی ورکنگ کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس نے مختلف امور بارے بریفنگ دی۔ڈی جی ایل ڈی اے نے پہلے مرحلے میں گلبرگ اور جوہر ٹاؤن میں سیٹ بیک ایریاز کلیئر کرانے کے لیے خصوصی مہم چلانے کی ہدایت کی۔ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ گلبرگ اور جوہر ٹاؤن کی اہم شاہراہوں پر قائم کمرشل املاک سے پارکنگ ایریا اور سیٹ بیک کلیئر کرانے کے لیے آگہی مہم چلائی جائے ،اہم شاہراہوں پر قائم کمرشل املاک کے باہری حصے (فساڈ) کو بہتر بنانے کے لیے کام کا آغاز کیا جائے ۔ کمرشل املاک کے فساڈ کو خوبصورت بنایا جائے ، بورڈز بہتر بنائے جائیں گے ۔ چیف ٹاؤن پلانر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جوہر ٹاؤن اور گلبرگ سکیم میں 650 سے زائد کمرشل املاک کو نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ٹاؤن پلاننگ افسران کو ریکوری مہم پر خصوصی فوکس کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے کہاکہ غیر قانونی کمرشل پینلٹی اور کمرشلائزیشن فیس کی ادائیگی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کیا جائے ۔اجلاس میں چیف ڈی جی ہیڈکوارٹرز،چیف میٹرو پولیٹن پلاننگ، چیف ٹاؤن پلانرز اور ڈائریکٹر فنانس نے شرکت کی۔