تاریخی مقامات پر معیار ی سائن بورڈز نصب کرنیکی ہدایت
لاہور (خبر نگار)ٹورازم، آرکیالوجی اینڈ میوزیمز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے سیکرٹری ڈاکٹر احسان بھٹہ نے جہلم، گجرات اور گوجرانوالہ سمیت مختلف شہروں میں واقع تاریخی مقامات کا دورہ کیا۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے جہلم میں قلعہ روہتاس، خیرالنسا کے مقبرے ، کھاریاں بولی، گجرات رام پیاری میوزیم، جین مندر اور ایمن آباد کی لودھی مسجد سمیت کئی تاریخی عمارتوں کا معائنہ کیا۔ قلعہ روہتاس میں میوزیم کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانے اور مناسب مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ تاریخی عمارت کو روشنیوں سے مزین کرنے کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔کھاریاں بولی کے دورے کے دوران انہوں نے فوٹوگرافی گیلری قائم کرنے اور ورلڈ ٹورازم ڈے کے موقع پر اسے عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا۔سیکرٹری سیاحت نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گجرات میوزیم کا کام دو ماہ میں مکمل کیا جائے ۔ اسی طرح وزیرآباد کی تاریخی ڈاک چوکی اور گوجرانوالہ کے گھکر ٹومری مندر کے تحفظ اور بحالی کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔