پی ایچ اے کے اشتہاری معاہدوں میں بڑی تبدیلیاں

پی ایچ اے کے اشتہاری معاہدوں میں بڑی تبدیلیاں

کینال روڈ پر واقع گیارہ انڈر پاسز کو اشتہاری مہم کے لیے لیز پر دیا تھا

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں اشتہارات کا انداز بدلنے لگا - پنجاب حکومت نے ماحول دوست پالیسی کے تحت پینا فلیکس کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے ۔ فیصلے کے بعد پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کو اپنے اشتہاری معاہدوں میں بڑی تبدیلیاں کرنا پڑ رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق پی ایچ اے نے حال ہی میں کینال روڈ پر واقع گیارہ انڈر پاسز کو اشتہاری مہم کے لیے لیز پر دیا تھا۔ لیز معاہدے میں کنٹریکٹرز کو پینا فلیکس کے ذریعے اشتہاری مہم چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔

تاہم نئی پالیسی کے بعد یہ اجازت نامے غیر مؤثر ہو گئے ہیں۔اب لاہور میں اشتہارات صرف ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ بورڈز کے ذریعے ہی لگائے جا سکیں گے ۔ پی ایچ اے نے کنٹریکٹرز کو پینا فلیکس ہٹانے اور ڈیجیٹل بورڈز لگانے کے لیے دو ماہ کا گریس پیریڈ دے دیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹرز نے پینا فلیکس پر پابندی کے بعد پی ایچ اے کو معاہدہ منسوخ کرنے یا شرائط میں نرمی کی استدعا کی تھی، تاہم اتھارٹی نے معاہدہ برقرار رکھتے ہوئے صرف اشتہاری مواد کی نوعیت تبدیل کرنے کی اجازت دی ہے ۔اب پی ایچ اے کی جانب سے کینال روڈ انڈر پاسز اور پیڈیسٹرین برجز پر ڈیجیٹل سکرینز نصب کی جائیں گی۔ جس سے شہر کے اشتہاری ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں