میٹرو اورنج ٹرین کا بنیادی ڈھانچہ مزید خراب ہونے لگا

میٹرو اورنج ٹرین کا بنیادی ڈھانچہ مزید خراب ہونے لگا

مرمتی کام چند ہفتوں میں مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا:محکمہ ماس ٹرانزٹ

لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور میں میٹرو اورنج لائن ٹرین کے بوسیدہ انفراسٹرکچر کی حالت مزید خراب ہونے لگی ہے ۔دو برس سے التوا کا شکار فنڈز کے اجرا کا حکم بھی دے دیا گیا ہے ۔اب پچاس کروڑ روپے سے زائد کی رقم ٹریک، سٹیشنز اور ڈپو کی بحالی پر خرچ کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ خزانہ نے پچاس کروڑ روپے سے زائد فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اورنج ٹرین کا ٹریک، سٹیشنز اور ڈپو بہتر حالت میں لائے جا سکیں۔ذرائع کے مطابق ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اورنج ٹرین کے سٹیشنز اور ٹریک پر سینکڑوں مقامات پر واٹر لیکج اور ڈرینج کے مسائل کی نشاندہی کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق 834 مقامات پر ڈرینج کے مسائل، 68 مقامات پر گندے پانی کے نکاس، جبکہ 742 مقامات پر واٹر لیکج کے مسائل موجود ہیں۔اس کے علاوہ 24 مقامات پر پانی جمع ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔حکام کے مطابق ڈیرہ گجراں ڈپو میں 191 مقامات سے واٹر لیکج اور چار مقامات سے ڈرینج کے مسائل حل کیے جائیں گے ۔سٹیشن نمبر ایک پر 15 واٹر لیکج اور پانچ ڈرینج کے مسائل جبکہ سٹیشن دو پر 10 لیکج اور پانچ ڈرینج کے مسائل ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ اسی طرح سٹیشن نمبر 25 پر 49 مقامات پر واٹر لیکج اور تین مقامات پر ڈرینج کے مسائل حل کیے جائیں گے ۔محکمہ ماس ٹرانزٹ کے مطابق یہ مرمتی کام آئندہ چند ہفتوں میں مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں