وقف بورڈ :مالی نظم و ضبط ،واجبات کیلئے کارروائیاں تیز
واجبات فوری وصول کر کے 5روز میں رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت
لاہور (خبر نگار)چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کے احکامات پر ادارے میں مالی نظم و ضبط اور واجبات کی وصولی کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹری پراپرٹی نے تمام ایڈمنسٹریٹرز اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ نادہندگان سے واجبات فوری وصول کر کے پانچ روز میں ہیڈکوارٹر زکو رپورٹ ارسال کی جائے ۔فیصل آباد زون میں ایڈمنسٹریٹر سلیم گوندل کی ہدایت پر سرگودھا آفس کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر حسن تراب اور انسپکٹر اربن عامر حسین ہاشمی نے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں،جبکہ ناجائز قابضین کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔
ویسٹرن زون فیصل آباد کے ضلع سرگودھا میں وقف املاک کی کرایہ داری کے ازسرنو تعین کا 99 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔بورڈ نے تمام زونل افسران کو ری اسیسمنٹ پالیسی 2006ء پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے ۔سیکرٹری بورڈ نے ایسے ملازمین کی نشاندہی کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ۔بورڈ نے ملک بھر میں موجود گورودواروں اور مندروں کی املاک کو قومی امانت قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان پر کسی قسم کا قبضہ یا خیانت برداشت نہیں کی جائے گی۔اب تک 11 اضلاع نے واجبات کی رپورٹ جمع کرا دی ہے جبکہ 15 اضلاع کی رپورٹس تاحال موصول نہیں ہو سکیں۔