سرکاری سکولوں کو 3 ارب 27 کروڑ کے فنڈز جاری
لاہور کے سکولوں کو 11 کروڑ 37 لاکھ ملے ،فنڈز سہولیات پرخرچ ہونگے
لاہور(خبر نگار)پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں کو 3 ارب 27 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے سکولوں کی مرمت، بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 3 ارب 27 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔لاہور کے سکولوں کے لیے 11 کروڑ 37 لاکھ روپے ،گجرات کے لیے 8 کروڑ 77 لاکھ روپے ،جھنگ کے لیے 10 کروڑ 88 لاکھ روپے جاری کیے گئے ۔ فیصل آباد کے سکولوں کے لیے 16 کروڑ 96 لاکھ روپے ،جبکہ بھکر کو 9 کروڑ 45 لاکھ روپے کے فنڈز ملے ،ملتان کے سکولوں کے لیے 10 کروڑ 96 لاکھ روپے اور راولپنڈی کے لیے 11 کروڑ 68 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔
سیالکوٹ کو 11 کروڑ 87 لاکھ اور ساہیوال کو 8 کروڑ روپے دیے گئے ۔سرگودھا، لیہ اور خانیوال کے سکولوں کے لیے 10 کروڑ سے زائد کی رقم منظور کی گئی۔رحیم یار خان کے سکولوں کے لیے 17 کروڑ 63 لاکھ روپے اور مظفرگڑھ کے لیے 11 کروڑ 30 لاکھ روپے جاری کیے گئے ۔ پاکپتن، منڈی بہاؤالدین اور ننکانہ صاحب کے سکولوں کے لیے بھی 5 کروڑ سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔محکمہ خزانہ کے مطابق یہ فنڈز سکولوں میں بنیادی سہولیات، تعمیر و مرمت اور تعلیمی ماحول کی بہتری پر خرچ کیے جائیں گے ۔