مینار پاکستان ،لاکھوں شرکا کی رہائش کے انتظامات مکمل
ملک بھر سے لاہور آنیوالے موٹر سائیکل قافلے روانہ، فل ڈریس ریہرسل
لاہور( سیاسی نمائندہ )جماعت اسلامی کے کل پاکستان اجتماع عام میں شرکت کے لئے ملک بھر سے لاکھوں لوگ تین دن لاہور میں گزاریں گے ۔21تا 23نومبر کوہونے والے اجتماع عام کی مینارِ پاکستان میں فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا۔ریہرسل میں شرکا کے قیام و طعام،نمازوں کی ادائیگی اور دیگر مشاغل کے حوالے سے انتظامات کا مکمل جائزہ لیا گیا۔پروگرام میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم،نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی،میاں محمد اسلم،ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہراقبال حسن، سید وقاص انجم جعفری ،شیخ عثمان فاروق،ممتاز حسین سہتو،وسطی پنجاب کے امیرمحمد جاوید قصوری،امیر صوبہ کے پی وسطی عبدالواسع ،سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی، حلقہ لاہور کے امیر ضیالدین انصاری،اسلام آباد کے امیرنصراللہ رندھاوا،نائب امیر صوبہ وسطی پنجاب ذکراللہ مجاہد،انجینئراخلاق احمد ،ناظم مالیات نذیر احمد جنجوعہ،احمد سلمان بلوچ،حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید،راشدہ شاہین و دیگر خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔لیاقت بلوچ کے ہمراہ شرکا اجلاس نے مینار پاکستان سبزہ زار کا دورہ کیااور انتظامات کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ مرکزی سٹیج کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے ۔ اجتماع عام کے شرکا نماز جمعہ بادشاہی مسجد میں ادا کریں گے ۔