کالے شیشوں والی متعددسرکاری گاڑیاں شہرمیں رواں دواں
ایل ڈی اے افسروں کے زیراستعمال ٹویوٹا ویگو نمبر ایل ای جی 515ودیگر موجود
لاہور (سٹاف رپورٹر سے ) لاہور میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے بڑے دعوے ، لیکن ایل ڈی اے کے افسران خود ہی ان اصولوں کو روندتے نظر آتے ہیں۔ ادارے کے اعلیٰ اور جونیئر افسران کے زیر استعمال متعدد گاڑیاں خلاف ضابطہ کالے شیشوں کے ساتھ شہر کی سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔ٹریفک پولیس کے جاری سخت کریک ڈاؤن کے باوجود ایل ڈی اے افسران کے رویوں میں کوئی تبدیلی نہ آسکی اور نہ ہی کسی سطح پر قانون کی پاسداری کی جھلک دکھائی دی۔
اعداد و شمار واضح تصویر سامنے لاتے ہیں-ٹویوٹا ویگو نمبر LEG-17-515اور LEJ-13-111، ہنڈا سٹی نمبر LEJ-291 اور LEJ-17-1608، ٹیوٹا ٹیریس نمبر LEJ-12-2200، ٹیوٹا کرولا LEG-07-1362 اور ٹیوٹا یارس SAM-101 اور SAM-786 کے شیشے خلاف قانون کالے کروائے گئے ہیں۔یہ تمام گاڑیاں سندھ یا وفاقی محکموں کی نہیں، بلکہ شہر کی ترقی کے بڑے ذمہ دار ادارے ایل ڈی اے کی ملکیت یا استعمال میں ہیں۔ حیران کن امر یہ بھی ہے کہ چند روز قبل خریدی گئی ایل ڈی اے کی نئی گاڑیوں پر بھی مبینہ طور پر کالے شیشے لگوا کر قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔