بنیادی سہولتیں دینا بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری:ایوب بخاری
کوتاہی کے مرتکب افسروں واہلکاروں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا، اے ڈی سی جی قصور
قصور(نمائندہ دنیا )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل /ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی قصور سید ایوب بخاری نے کہاہے کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی بلدیاتی اداروں کی اخلاقی وقانونی ذمہ داری ہے ۔ صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس سمیت شفاف پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے ۔ اس میں کوتاہی کے مرتکب افسروں واہلکاروں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میونسپل کمیٹی کا عملہ اور پیرافورس بلاامتیاز انکروچمنٹ کے خاتمہ کو یقینی بنارہے ہیں۔ عوام کو صاف پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کے لیے واٹر سپلائی سکیموں پر تعینات ملازمین کی حاضری کو چیک کیاجارہاہے تاکہ مقررہ وقت پر ٹیوب ویلز کو چلاکر لوگوں کے گھروں میں پہنچانے کو یقینی بنایاجاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ سٹریٹ لائٹس اور صفائی ستھرائی کے عمل کو افسروں کے علاوہ خود بھی فیلڈ میں جاکر چیک کرتاہوں۔ سید ایوب بخاری نے مزید کہاکہ میونسپل کمیٹی کے دفاتر میں ڈسپلن اور حاضری کو بھی بہتر بنایاجارہاہے ۔ شہریوں کو تمام سہولتیں بہم پہنچائی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ مہذب قومیں واجبات کی ادائیگی بروقت کرتی ہیں۔ کمرشل اور رہائشی بلڈنگز کا نقشہ پاس کرواکر بلدیہ فیس جمع کروانا ہوگی۔ غیرقانونی اور بغیر منظوری سے بنائی جانے والی بلڈنگز کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔