ہاؤسنگ سوسائٹیز میں گرین ایریاز لازمی قراردینے کافیصلہ
مختص کردہ اراضی کے حقیقی استعمال کو یقینی بنایا جائے گا:سوسائٹی پلان
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب میں شہریوں کو یکساں اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق اہم پالیسی اقدامات کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے زیرِ انتظام ادارے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے مشترکہ لیگل فریم ورکس تشکیل دیں گے ۔اس پالیسی کے تحت تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، پارٹیکلچر ونگز اور واسا ایجنسیاں ایک ہی قانونی نظام کے تحت مشترکہ قوانین کا نفاذ کریں گی تاکہ پورے صوبے میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کے لیے یکساں معیار مقرر کیا جا سکے ۔منصوبے کے مطابق رہائشی اور کمرشل استعمال، سیوریج سسٹم اور گرین ایریاز کے حوالے سے باقاعدہ قانون سازی کی جائے گی۔ منظور شدہ سوسائٹی پلان کے مطابق مختص کردہ اراضی کے حقیقی استعمال کو یقینی بنایا جائے گا، تاکہ غیر قانونی تبدیلیوں اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جا سکے ۔ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور اس کے تدارک کے لیے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں گرین ایریاز کی فراہمی اور ان کا تحفظ لازمی قرار دیا جائے گا۔