سانگلہ،شوگر ملز کی چمنیوں کی راکھ سے شہری بیمار، انتظامیہ خاموش
سانگلاہل(تحصیل رپورٹر)سانگلہ ہل میں قائم شوگر ملز کی چمنیوں سے نکلنے والی کالی راکھ اور زہریلے دھوئیں نے نظام زندگی متاثر کردیا۔۔۔
فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھنے سے شہری الرجی، سانس، آنکھوں، ناک، کان اور گلے کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے، تاہم ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات نے پراسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور پنجاب حکومت کے سموگ ایکٹ اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق واضح احکامات کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے ، راکھ اور دھواں شہر کے رہائشی علاقوں میں پھیل رہا ہے ، جس کے نتیجے میں گھروں کی چھتیں، فرش اور دیواریں سیاہی مائل ہو چکی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ فضاء میں موجود آلودگی کے باعث آنکھوں میں جلن، سانس کی تکلیف، کھانسی اور الرجی کی شکایات عام ہو چکی ہیں۔ جبکہ کمسن اور نوزائیدہ بچے دمہ اور سانس کے امر اض میں مبتلا ہو رہے ہیں،علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بااثر شوگر ملز مالکان نے مقامی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات کے افسران سے مبینہ ملی بھگت کر رکھی ہے ، جس کے باعث کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔شہریوں، سماجی حلقوں اورسیاسی کارکنوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیاکہ وہ فوری طور پر معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے شوگر ملز کے خلاف سخت کارروائی کریں۔