صارف کو شوگر ملز ریٹ میں کمی کا فائدہ نہ مل سکا

صارف کو شوگر ملز ریٹ میں کمی کا فائدہ نہ مل سکا

سرکاری نرخ پر نظر ثانی نہیں ہوئی ، پرچون فروش من مانی کرنے لگے

لاہور (کامرس رپورٹر سے) چینی کی مارکیٹ میں شوگر ملز سے چینی ریٹ میں 30 روپے فی کلو تک کی نمایاں کمی ہو گئی، لیکن اب شوگر ملز کی بجائے ہول سیل اور پرچون فروش کمائی کرنے لگے، عام صارف کو شوگر ملز ریٹ میں کمی کا پورا فائدہ نہ مل سکا ۔انتظامیہ نے دو ماہ سے چینی کے سرکاری نرخ پر نظر ثانی ہی نہیں کی جس سے پرچون مارکیٹ میں من مانی کی جا رہی ہے۔

پرچون مارکیٹ میں چینی 170 روپے فی کلو تک ہے، تاہم بعض دکاندار سرکاری ریٹ کی آڑ میں 180 روپے کلو چینی بیچ رہے کیونکہ سرکاری ریٹ تاحال 179 روپے فی کلو ہے ،شوگر ملز سے چینی ریٹ 141 سے 145 روپے فی کلو رہ گیا جو دو ہفتے قبل تک 172 سے 175 روپے فی کلو تک تھا،قیمت کے طے شدہ فارمولے کے مطابق شوگر ملز کے موجودہ ریٹ پر پرچون ریٹ 155 روپے فی کلو تک ہونا چاہیئے لیکن انتظامیہ نے دو ماہ قبل کے چینی ریٹ پر ابھی تک نظر ثانی نہیں کی۔انتظامیہ کی اس غفلت کے باعث شہریوں کو مہنگی چینی خریدنی پڑرہی ہے۔ دکاندار شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں