ریلوے کلاس فورسٹاف کی تنخواہیں لیٹ ، افسروں کو بروقت ادائیگی
ریلوے پریم یونین کا احتجاج، تنخواہوں میں تاخیر کی مذمت ،فوری ادائیگی کا مطالبہ
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )محکمہ ریلوے کی آمدنی کے دعووں کے باوجود ملازمین کی حالت بہتر نہیں ہوسکی۔ افسر شاہی نے اپنی تنخواہیں مقررہ تاریخ سے ایک روز پہلے ہی لے لیں، جبکہ کلاس فور کے ملازمین تنخواہوں سے محروم رہے ۔ریلوے پریم یونین کے مطابق لاہور ڈویژن کے کلاس فور سٹاف کو رواں ماہ تاحال تنخواہیں نہیں مل سکیں۔ ریلوے سی ٹور، جو کلاس فور ملازمین پر مشتمل ہے ، کی ہر ماہ 15 تاریخ کو تنخواہ شیڈول ہے ، مگر ہر ماہ تنخواہیں تاخیر سے ادا کی جاتی ہیں۔ریلوے پریم یونین لاہور ڈویژن نے تنخواہوں میں تاخیر کی شدید مذمت کرتے ہوئے ریلوے لاہور ڈویژن آفس کے باہر احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ صدر ریلوے پریم یونین فیاض احمد شہزاد نے مطالبہ کیا کہ وزیر ریلوے حنیف عباسی اور چیف ایگزیکٹو ریلوے فوری نوٹس لیں۔فیاض شہزاد نے بتایا کہ ہیڈکوارٹر ٹور، جو افسران پر مشتمل ہے ، کی تنخواہیں ہر ماہ یکم تاریخ کو شیڈول ہیں، مگر افسران کی تنخواہیں ایک روز پہلے ادا کر دی گئی جبکہ کلاس فور سٹاف کی تنخواہیں کئی روز تاخیر سے دی جاتی ہیں۔ تنخواہوں کی بروقت عدم ادائیگی سے ملازمین بچوں کی سکول فیس، بزرگوں کی ادویات اور گھر کا راشن نہیں خرید پا رہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ای او ریلوے اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دیں کہ سی ٹور کی کلاس فور ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں۔