سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے باوجود کئی اہم سڑکیں نظر انداز
دو سال میں متعدد مرکزی شاہراہوں پر کارپٹنگ نہ ہو سکی ،ٹریفک کی روانی متاثر
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے نام پر تیار کیے گئے منصوبوں کے باوجود شہر کی کئی اہم سڑکیں مسلسل نظر انداز کی جا رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق دو برسوں میں متعدد مرکزی شاہراہوں پر کارپٹنگ نہ ہو سکی جبکہ کئی روٹس کو بجٹ میں شامل ہی نہیں کیا گیا۔ ٹوٹ پھوٹ کاشکار سڑکیں مرمت نہ ہونے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ۔ریلوے سٹیشن کو مال روڈ سے ملانے والے مختلف روٹس پر دو سال سے کارپٹنگ نہیں کی گئی۔سندر داس روڈ پر پیچ ورک کا کام تعطل کا شکار ہونے سے سڑک کی حالت خراب ہے ۔اسی طرح ایجرٹن روڈ پر متعدد مقامات پر گڑھوں نے ٹرانسپورٹ کو متاثر کر رکھا ہے ۔مال روڈ کو جیل روڈ سے ملانے والی ایوانِ صنعت و تجارت کی سڑک پر کارپٹنگ مکمل طور پر اکھڑ چکی ہے ۔ اس اہم سڑک کو 3 سال میں کسی ترقیاتی بجٹ کا حصہ نہیں بنایا گیا اس پر لاہور چیمبر آف کامرس، چنبہ ہاؤس، جی او آر، باغ جناح سمیت متعدد اہم ادارے اور مقامات واقع ہیں،سڑک کی حالت مسلسل خراب ہورہی ہے ۔محکمہ جاتی ریکارڈ کے مطابق گزشتہ برسوں میں کی جانے والی مرمتیں عموماً ناقص مواد اور عارضی کارپٹنگ تک محدود رہیں جو دیرپا ثابت نہ ہو سکیں ۔اسی وجہ سے چند ماہ بعد ہی سڑکیں پھرٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں 89 روٹس کی مرمتی ترجیحات کی فہرست تاحال مکمل نہیں ہو سکی جس سے کئی اہم شاہراہیں منصوبہ بندی سے باہر ہیں۔