لاپتا شگفتہ بی پی22 سال بعد والدین سے ملا دی گئی
ذہنی معذور شگفتہ فتح گڑھ سے غائب ہوئی، سیف سٹیز کی مددسے ملی
لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی نمایاں کامیابی سامنے آئی ہے ۔ 2004 میں لاہور سے لاپتا 12 سالہ شگفتہ بی بی 22 سال بعد والدین سے ملا دی گئی۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق لاہور کے علاقے فتح گڑھ سے 2004 میں لاپتا ہونے والی شگفتہ بی بی اس وقت صرف 12 سال کی تھی جب وہ گھر سے کھانے پینے کی کوئی چیز لینے نکلی مگر واپس نہ آ سکی۔ والدہ کے مطابق شگفتہ ذہنی طور پر معذور تھی۔برسوں تک اہلخانہ کو اس کا کوئی سراغ نہ مل سکا ۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کے تحت جاری میرا پیارا مہم کے دوران کراچی میں فلاحی اداروں میں مقیم لاوارث اور بچھڑے افراد کے انٹرویوز کیے گئے جنہیں \"میرا پیارا\" کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا گیا۔ انہی ویڈیوز میں شگفتہ کی ویڈیو بھی شامل تھی۔ یہ ویڈیو شگفتہ کی بہن نے \"میرا پیارا\" آفیشل فیس بک پیج پر دیکھی اور فوراً ٹیم سے رابطہ کیا۔ تصدیق کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد 22 سال بعد کراچی ایدھی ہوم میں شگفتہ کو والدہ کے حوالے کر دیا گیا۔ ماں اور بیٹی کی ملاقات نے دیکھنے والوں کی آنکھیں نم کر دیں۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق میرا پیارا مہم کے تحت 1930 لاپتا بچے اور افراد اپنے اہلخانہ سے ملنے کے منتظر ہیں۔ شہری اس کارِ خیر میں بھر پور کردار ادا کریں۔ اگر آپ کسی گمشدہ فرد کو پہچانتے ہیں تو فوراً 15 پر کال کر کے 3 دبائیں اور ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کو بروقت آگاہ کریں۔