جعلی فرد پر نقشہ منظور‘7افسروں اور پراپرٹی اونر پر مقدمہ
وئیر ہائوس کی جگہ4مارکیز کی تعمیرات پر ریفرنس بھیجنے پر اینٹی کرپشن کی کارروائی
لاہور (عمران اکبر)جعلی فرد پر 18کنال کا نقشہ منظور کرنے پر7سرکاری افسروں اور پراپرٹی اونر پر اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کرلیا ۔بڑے سیاستدان اور بیوروکریٹس افسروں کے سفارشی بن گئے ۔وئیر ہائوس کی جگہ 4مارکیز کی تعمیرات پر ایکشن لیا گیا۔ڈی سی لاہور موسیٰ رضا کے حکم پر ریفرنس اینٹی کرپشن کو بھیجا گیا،ڈپٹی چیف آفیسر جمیل کی انکوائری رپورٹ پر میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ سلیم ،زونل آفیسر پلاننگ واہگہ حرا عمران ،زونل افیسر پلاننگ واہگہ طاہر گجر ،بلڈنگ انسپکٹر ز طارق سعید ، عامر مختار، ریاض پٹواری اورگینگ مین حافظ قاسم پر مقدمہ درج کروایا گیا جبکہ پراپرٹی اونر جاویدپر جعلی فرد پر ناجائز فائدہ لینے پرمقدمہ کروایا گیا ۔ 7سرکاری ملازمین کا ریفرنس سیکرٹری بلدیات پنجاب کو بھجوا دیا گیا ۔ایف آئی آر کے مطابق زرعی زمین پر کمرشل تعمیرات پر مقدمہ درج کیاگیا۔18کنال زمین کو چار حصوں میں تقسیم کر کے نقشہ اوربلڈنگ پلان منظور کروائے گئے ۔ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ قانون سے بالاتر ہو کر نقشوں کی منظوری دے گئی ۔فراڈ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔