بڑی سرکاری جامعات میں اہم عہدے عرصہ دراز سے خالی
لاہور(عاطف پرویز سے )لاہور کی بڑی سرکاری جامعات میں انتظامی بحران سنگین صورت اختیار کر گیا ہے ، جہاں اہم انتظامی عہدوں پر مستقل افسران کی عدم تعیناتی کے باعث تعلیمی، مالی اور امتحانی امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
لاہور کی متعدد سرکاری جامعات میں رجسٹرار، خزانہ دار اور کنٹرولر امتحانات جیسے کلیدی انتظامی عہدے طویل عرصے سے مستقل افسران کے بغیر چل رہے ہیں، جس سے ادارہ جاتی نظم و نسق شدید دباؤ کا شکار ہے ۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں رجسٹرار اور خزانہ دار کی پوسٹوں پر تاحال مستقل تقرریاں عمل میں نہیں آ سکیں، جبکہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں بھی رجسٹرار، خزانہ دار اور کنٹرولر امتحانات کے عہدے مستقل افسران سے خالی ہیں۔ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں رجسٹرار کی ذمہ داریاں عارضی چارج پر نبھائی جا رہی ہیں، جبکہ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز میں خزانہ دار کی پوسٹ بھی اضافی چارج کے تحت چل رہی ہے ۔ ادھر پنجاب یونیورسٹی میں آئندہ چھ ماہ کے دوران رجسٹرار کی نشست خالی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ، جس سے انتظامی خلا مزید بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ماہرینِ تعلیم کا کہنا ہے کہ مستقل انتظامی افسران کی عدم موجودگی سے فیصلہ سازی کا عمل متاثر ہو رہا ہے ۔