4ہفتے :صوبے بھر میں 692 اتائیوں کے کاروبارسیل
ان میں سب سے زیادہ کارروائیاں لاہور میں ہوئیں :ہیلتھ کیئرکمیشن
لاہور ( ہیلتھ رپورٹر )پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے گزشتہ چار ہفتوں میں 692 کاروبار کو سیل کر دیا ہے۔ پی ایچ سی کی انفورسمنٹ ٹیموں نے اس عرصے کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں مجموعی طور پر 3,014 مراکز کے دورے کیے ۔ ان میں سب سے زیادہ کارروائیاں لاہور میں ہوئیں جہاں 1,105 مراکز پر ریڈز کی گئیں اور اتائیوں کے 303 اڈوں کو سیل کر دیا گیا۔ دیگر نمایاں اضلاع میں سرگودھا میں 208 ریڈز کے دوران 33 مراکز سیل کیے گئے ، ملتان میں 204 چھاپوں کے نتیجے میں 29 مراکز، فیصل آباد میں 154مراکز میں سے 34 جبکہ خانیوال میں 119ریڈزکے دوران 17 کاروبار بند کیے گئے۔ بہاولنگر، اٹک، چنیوٹ، گوجرانوالہ، جھنگ، راولپنڈی، رحیم یار خان، شیخوپورہ، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور دیگر اضلاع میں بھی اتائیت کے متعدد مراکز کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔