داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک پولیس کی نفری تعینات
ٹریفک رسپونس یونٹ کو بھی متحرک کردیا گیا ہے ،سی ٹی او ڈاکٹر اطہر وحید
لاہور(کرائم رپورٹر)بسنت کی آمد کے پیش نظر لاہور ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کیلئے سیفٹی راڈز کی تنصیب کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کی ہدایات پر اب تک 7 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز نصب کیے جا چکے ہیں۔شہریوں کی بڑی تعداد بسنت منانے کیلئے لاہور کا رخ کرے گی، خصوصاً 6، 7 اور 8 فروری کو شہر میں غیر معمولی ٹریفک دباؤ متوقع ہے ، جس کے پیش نظر جامع ٹریفک پلان ترتیب دیا جا رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی ٹریفک پولیس کی خصوصی نفری تعینات ہے جہاں موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز لگانے کا عمل جاری ہے تاکہ پتنگ کی ڈور سے ہونے والے حادثات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے ۔بسنت کے دنوں میں سڑکوں پر رش اور گہما گہمی میں اضافے کے باعث ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کی جا رہی ہے جبکہ ٹریفک ریسپانس یونٹ کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے ۔