جنوری میں 12 لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا
بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پرکارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا :ڈی آئی جی
لاہور(آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا عمل تیزی سے جاری ہے ، جس کے نتیجے میں جنوری 2026 کے دوران ریکارڈ تعداد میں 12 لاکھ 41 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اس عرصے میں 4 لاکھ 40 ہزار شہریوں نے لرننگ لائسنس بنوائے ، جبکہ 4 لاکھ شہریوں کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ۔ اسی طرح 3 لاکھ 90 ہزار شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کرائی۔مزید برآں 2,500 سے زائد شہریوں نے گم شدہ ڈرائیونگ لائسنس دوبارہ حاصل کیے ، جبکہ 4,500 سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے گئے ۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے واضح کیا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے اور سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای ڈرائیونگ لائسنس کی قانونی حیثیت ڈرائیونگ لائسنس کارڈ کے برابر ہے اور شہری اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔