امیرالدین میڈیکل کالج کے طالبعلم کی صوبہ میں تیسری پوزیشن

امیرالدین میڈیکل کالج کے طالبعلم کی صوبہ میں تیسری پوزیشن

پرنسپل کا پوزیشن ہولڈر ثقلین کی تصویر کالج کے رول آف آنرپر نمایاں کرنیکا اعلان

لاہور(سٹاف رپورٹر)پی جی ایم آئی اور لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیرالدین میڈیکل کالج کے ہونہار طالبعلم ثقلین امداد نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تحت فورتھ پروفیشنل ایم بی بی ایس سالانہ امتحانات میں پنجاب بھر کے 43 میڈیکل کالجز میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے نیا سنگ میل عبور کر لیا ۔ پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے اس کامیابی کو یادگار بنانے کیلئے اعلان کیا کہ پوزیشن ہولڈر ثقلین امداد کی تصویر کالج کے رول آف آنر پر نمایاں کی جائیگی تاکہ یہ اعزاز طلبہ کیلئے حوصلہ افزائی اور رہنمائی کا ذریعہ بنے ۔ پرنسپل نے ثقلین امداد، انکے والدین اور تدریسی عملے کو مبارکباد دیتے کہا یہ اعزاز اساتذہ کی شبانہ روز محنت، والدین کی دعاؤں اور طالبعلم کے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے ۔ امیرالدین میڈیکل کالج نے اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر ملک کو بہترین معالجین فراہم کرنیوالے ادارے کے طور پر اپنی شناخت ثابت کی ہے ۔ ہمارے طلبہ کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں پی جی ایم آئی کے نہایت قابل اور تجربہ کار اساتذہ کی سرپرستی میسر ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز دنیا بھر میں سبز پاسپورٹ کا وقار بلند کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ پرنسپل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کالج کے نوجوان ڈاکٹرز آئندہ بھی اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں سے مادرِ علمی اور قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں