دودر بار وں پر بہتر سہولیات فراہمی کے منصوبوں کا جائزہ
سیکرٹری اوقاف کا دربار پیر وارث شاہؒ ،شیر محمد شرقپوریؒ پرکام جلد نمٹانے کی ہدایت وارث شاہؒ کی میراث محفوظ رکھنے کیلئے کلچرسنٹر کی تزئین و آرائش ہوگی :ڈاکٹر احسان
لاہور(سیاسی نمائندہ)سیکرٹری /چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ صوفیائے کرام کے مزارات ہماری عقیدت، ثقافت اور ہم آہنگی کی علامت ہیں۔ صوفیانہ ورثے کے تحفظ اور صوبے بھر کے مزارات پر زائرین کیلئے سہولیات فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے در بار حضرت پیر وارث شاہؒ کے دورے پر کیاجہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور زائرین کیلئے بہتر سہولیات فراہمی کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور کاموں کی جلد تکمیل کیلئے ہدایات جاری کیں۔دورے میں فیصلہ کیا گیا کہ مزار پر مسجد تعمیر جبکہ کلچرل سنٹر اور لائبریری کی تزئین و آرائش کی جائیگی تاکہ پیر وارث شاہؒ کی علمی اور روحانی میراث محفوظ رکھی جاسکے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مکمل سٹرکچرل ترقیاتی و تعمیراتی کام جلد مکمل کرایا جائے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر پراجیکٹ رفیق نور وٹو، زونل ایڈمنسٹریٹر شاہد حمید وڑائچ، منیجر دربار غلام عباس، اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ، ضلعی خطیب ،محکمہ آثار قدیمہ اور ٹی ڈی سی پی کے نمائندے بھی موجود تھے ۔بعد ازاں ڈاکٹر احسان بھٹہ نے در بار حضرت شیر محمد شرقپوریؒ کا بھی دورہ کیا ،جاری ترقیاتی سکیم کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہیں بتایا گیا کہ مزارات تک جانے والے راستے کو کشادہ کیا جا رہا ہے جبکہ ٹف ٹائل، پتھر کی فرش کاری، وضو خانہ اور غسل خانے کے کام جاری ہیں۔محکمہ کے اہلکاروں نے مزید بتایا کہ مزارات کی مجموعی تزئین و آرائش جون تک مکمل کر لی جائیگی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ مزارات نا صرف روحانی رہنمائی کے مراکز ہیں بلکہ امن، برداشت اور ثقافتی شناخت کی علامت بھی ہیں ، انکی ترقی زائرین کی سہولت اور مذہبی و ثقافتی سیاحت کے فروغ کیلئے بہت ضروری ہے ۔