ہلالِ احمر ہسپتال:250 بستروں پر مشتمل نئے بلاک کا سنگِ بنیاد
ہسپتال سے تعاون جاری رہے گا:گورنرکے پی،رمضان پیکیج ،سرٹیفکیٹس تقسیم
لاہور (سپیشل رپورٹر )گورنر خیبرپختونخوا اور صدر ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ قدرتی آفات، ہنگامی صورتحال میں پاک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی خدمات قابلِ ستائش ہیں، ہلالِ احمر پنجاب نے خیبرپختونخوا میں متاثرہ افراد کی مدد کر کے خدمت کی شاندار مثالیں قائم کیں، وہ ادارے کی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کودینا ناتھ مانگا منڈی میں پاک ریڈ کریسنٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالج میں تقریب سے خطاب کرتے کیا۔ گورنرنے ہلالِ احمر ہسپتال کیلئے 250 بستروں پر مشتمل نئے بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر چیئرمین پاک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پنجاب میاں حنیف ، جنرل سیکرٹری محبوب قادرسمیت فیکلٹی ممبران، ڈاکٹرز، طلبہ اور عملہ موجود تھا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا یہ ہسپتال جلد500 بستروں کا جدید طبی مرکز بن جائیگا، جس سے ہزاروں افراد کا معیاری علاج ہو گا۔ ہلالِ احمر کیلئے تعاون جاری رکھیں گے ۔قبل ازیں گورنرنے پاک ریڈ کریسنٹ ٹیچنگ ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی۔ گورنرنے ہلالِ احمر کی جانب سے مستحق خاندانوں کورمضان پیکیج کے تحت راشن تقسیم کیا اوربہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ڈاکٹرز اور طلبہ کو سرٹیفکیٹس اور شیلڈز بھی تقسیم کیں ۔