بکر منڈی: 205 کلو گوشت تلف، کیمیکل ڈرم،دیگر سامان ضبط

بکر منڈی: 205 کلو گوشت تلف، کیمیکل ڈرم،دیگر سامان ضبط

بیمار بھینسوں، بکروں ،چھتروں کے گوشت کی سپلائی ناکام، قصاب رنگے ہاتھوں گرفتار

لاہور( این این آئی)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بیمار بھینسوں، بکروں اورچھتروں کا گوشت سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بکر منڈی میں آپریشن کیا ، 205 کلو گوشت تلف، 2کیمیکل ڈرم، 31ہکوںسمیت دیگر سامان ضبط کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ڈی جی فوڈاتھارٹی نے بتایابیمار بکروں کا گوشت تیار کرتے قصاب رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جبکہ غیر قانونی مذبح خانے میں باتھ روم کے سامنے تیار کیے جانے والا مضر صحت گوشت بھی تلف کیا گیا۔ زمین پر گوشت تیارکیا جارہا تھی، وٹرنری سپیشلسٹ نے موقع پر معائنہ کر کے گوشت انسانی صحت کیلئے مضر قرار دیا جبکہ مذبح خانے میں ناقص انتظامات، لازم ریکارڈ عدم موجود اور حشرات کی بھرمار پائی گئی۔ بروقت کارروائی سے مضر صحت گوشت کی ترسیل ناکام بنائی گئی ،گوشت کے معیار کو بہتر سے بہترین بنانے کیلئے جدید اور آسان ایس او پیز متعارف کروائے گئے ہیں۔ڈی جی فوڈاتھارٹی عاصم جاوید نے کہا جعلسازی کا گھناؤنا کاروبار کرنے والوں کیخلاف مسلسل مقدمات درج کروا رہے ہیں۔ پنجاب کے عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کیلئے کوئی رعایت نہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں