سکولوں میں تعینات سکیورٹی گارڈز کے کنٹریکٹ میں توسیع
چار ماہ کی توسیع کے بعد اب کنٹریکٹس 30 جون تک مؤثر رہیں گے
لاہور(خبر نگار)محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں تعینات سکیورٹی گارڈز کے کنٹریکٹ میں توسیع کر دی ہے ۔ چار ماہ کی توسیع کے بعد اب کنٹریکٹس 30 جون تک مؤثر رہیں گے ، جبکہ بقایا جات کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سکیورٹی گارڈز کے کنٹریکٹس میں چار ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی ہے ۔صوبے بھر کے سکولوں میں تعینات گارڈز کے کنٹریکٹ جنوری میں ختم ہو گئے تھے ، تاہم کنٹریکٹ کی مدت ختم ہونے کے باوجود گارڈز اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹ میں توسیع کے بعد اب گارڈز کے بقایا جات بھی جاری کیے جائیں گے ۔واضح رہے کہ ابتدائی طور پر سکیورٹی گارڈز کو دس سالہ مدت کے لیے رکھا گیا تھا، تاہم نئی ہدایات کے تحت 60 سال سے زائد عمر کے گارڈز کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی گئی۔محکمہ حکام کے مطابق سکولوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام ناگزیر تھا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور جاری ہے ۔