کینال روڈ پر گاڑی کی خرابی سے ٹریفک نظام درہم برہم
30منٹ تک گاڑی سڑک کے درمیان کھڑی رہی ، ٹریفک پولیسغائب
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور کی مصروف ترین شاہراہ کینال روڈ پر ایک گاڑی کی خرابی نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا، مسلم ٹاؤن انڈر پاس کے قریب پیش آنے والے اس واقعہ میں گاڑی صبح 9 بج کر 20 منٹ پر خراب ہوئی اور تقریباً 35 منٹ تک سڑک کے درمیان کھڑی رہی ،اس دوران گاڑی کو ہٹانے کے لیے نہ ٹریفک پولیس بروقت پہنچی اور نہ ہی شہریوں کی جانب سے کوئی فوری مدد سامنے آئی، بالآخر ایک وارڈن موقع پر پہنچا جس نے ایک شہری کی مدد سے گاڑی کو سائیڈ پر کیا،شہریوں کا کہنا ہے کہ کینال روڈ جیسے مرکزی کوریڈور پر اگر ایک گاڑی خراب ہو جائے تو پورا نظام مفلوج ہو جاتا ہے ،مزید تشویشناک پہلو یہ ہے کہ شہر بھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے بھی اس صورتحال کی بروقت نشاندہی نہ کر سکے ۔ شہریوں کے مطابق یہ کیمرے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے بجائے صرف جرمانوں تک محدود ہو چکے ہیں۔