گڈ فرائیڈے اور ایسٹر:سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل
صوبہ بھر میں 30 ہزار پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گےحساس گرجا گھروں پر اضافی نفری، سنائپرز اور کمانڈوز تعینات کرنے کی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر) گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت جاری کی ہے کہ مسیحی برادری کو بھرپور اور مؤثر سکیورٹی فراہم کی جائے ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے ۔ گڈ فرائیڈے کے 2270 پروگرامز پر 13 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے ، جبکہ ایسٹر کے 3153 پروگرامز پر 17 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
لاہور میں گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری، سنائپرز اور کمانڈوز تعینات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ شرکا کو مکمل چیکنگ اور شناخت کے بعد ہی گرجا گھروں میں داخلے کی اجازت دی جائے ۔ پولیس اور کمیونٹی رضاکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتہائی چوکس رہیں اور مشکوک افراد، سامان اور اطراف کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھیں۔