ایسٹر :مارکیٹوں ، بازاروں میں مسیحی برادری کا رش
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی ٹریفک وارڈنز بھی تعینات
لاہور(کرائم رپورٹر) ایسٹر کی آمد کے پیش نظر صوبہ بھر میں مسیحی برادری کی خریداری کے لیے مارکیٹوں اور بازاروں میں رش بڑھ گیا ہے ، جس کے باعث پنجاب پولیس نے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے ۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے لاہور سمیت پورے صوبے میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ایسٹر کے موقع پر صوبہ بھر میں 17 ہزار سے زائد جبکہ لاہور میں 3 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے ۔آئی جی پنجاب نے بین الصوبائی سرحدی چیک پوسٹوں پر بھی سکیورٹی مزید سخت کرنے اور مشتبہ افراد، دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ مارکیٹوں میں بڑھتے ہوئے رش کے باعث شاہراہوں اور تفریحی مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی ٹریفک وارڈنز بھی تعینات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسٹر کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کومبنگ، سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔