نیلا گنبدزیرزمین پارکنگ پلازہ منصوبہ، سست روی کا شکار

نیلا گنبدزیرزمین پارکنگ پلازہ منصوبہ، سست روی کا شکار

تعمیراتی رفتار برقرار نہ رہ سکی ،تعمیری عمل مختلف مراحل میں داخل ہو چکا :حکام

لاہور (شیخ زین العابدین)زیر زمین پارکنگ پلازہ منصوبہ مقررہ مدت سے پیچھے رہنے لگا۔ نیلا گنبد پارکنگ پلازہ منصوبے پر باقاعدہ تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز اگست دو ہزار پچیس میں کیا گیا تھا۔ ابتدائی تیاریوں اور انفراسٹرکچر ورک کے بعد منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا، مگر تعمیراتی رفتار وقت کے ساتھ برقرار نہ رہ سکی۔ دستاویزات کے مطابق منصوبے کے لیے مجموعی طور پر دو ارب چار سو اکیاون ملین روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا۔ منصوبے کے تحت پارکنگ گنجائش بڑھانے اور مرکزی تجارتی علاقے میں ٹریفک دباؤ کم کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا ۔تعمیراتی پیش رفت پر نظر ڈالیں تو پارکنگ پلازہ کے پائلنگ ورک کو سو فیصد مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ بیڈ رافٹ کا پچانوے فیصد کام مکمل ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ بیسمنٹ سٹرکچر میں تھرڈ بیسمنٹ اسی فیصد، سیکنڈ بیسمنٹ ساٹھ فیصد جبکہ فرسٹ بیسمنٹ پندرہ فیصد تک مکمل ہو سکی ہے ۔ حکام کے مطابق منصوبہ جاری ہے اور تعمیراتی عمل مختلف مراحل میں داخل ہو چکا ہے ، تاہم زمینی حقائق یہ بتا رہے ہیں کہ رفتار اور مقررہ اہداف کے درمیان اب بھی واضح فرق موجود ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں