شہر بھر میں جدید پیلیکن سگنلز نصب کرنے کا منصوبہ تیار

شہر بھر میں جدید پیلیکن سگنلز نصب کرنے کا منصوبہ تیار

20 اہم شاہراہوں اور مصروف چوراہوں پر خودکار سگنلنگ سسٹم لگایا جائے گا

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں ٹریفک کے بڑھتے دباؤ، حادثات اور پیدل چلنے والوں کو درپیش خطرات کے پیش نظر ٹیپا نے شہر بھر میں جدید پیلیکن سگنلز نصب کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے ۔ منصوبے کے تحت لاہور کی بیس سے زائد اہم شاہراہوں اور مصروف چوراہوں پر جدید خودکار سگنلنگ سسٹم لگایا جائے گا، منصوبے کے لیے چار مختلف پیکجز تشکیل دے دیے گئے ہیں۔ پیکج ون کے تحت پیلیکن سگنلز اور ویڈیو وہیکل ڈیٹیکشن سسٹم تقریباً اٹھائیس کروڑ تہتر لاکھ روپے کی لاگت سے نصب کیے جائیں گے ، جبکہ پیکج ٹو کے لیے چودہ کروڑ اناسی لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ پیکج تھری پر گیارہ کروڑ پندرہ لاکھ روپے خرچ ہوں گے ، جبکہ پیکج فور کے تحت پانچ کروڑ اٹھانوے لاکھ روپے کی لاگت سے مختلف شاہراہوں پر سگنلز نصب کیے جائیں گے ۔منصوبے میں شہر کے انتہائی اہم اور حساس مقامات کو شامل کیا گیا ہے ، جن میں جی پی او چوک، لاہور ہائی کورٹ، ریگل چوک، گورنر ہاؤس، ڈیوس روڈ اور کینال روڈ جنکشن نمایاں ہیں۔ اس کے علاوہ ظفر علی روڈ، فورٹریس سٹیڈیم، جناح چوک اور سرفراز رفیقی روڈ بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں