نجی سکولوں کے قریب ممنوعہ مواد بیچنے والوں کیخلاف آپریشن
5دکانیں سیل ، عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کی مکمل حوصلہ شکنی کی جائے :ڈی سی
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )لاہور میں تعلیمی اداروں کے گردونواح کو تمباکو کے دھوئیں سے پاک کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کا اہم ایکشن۔ ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز کی خصوصی ہدایت پر رائے ونڈ روڈ پر نجی سکولوں کے قریب ممنوعہ مواد فروخت کرنے والی دکانوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے \"صحت مند پنجاب\" ویژن کے تحت تعلیمی اداروں کے اطراف تمباکو نوشی کے مواد کی فروخت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے ۔ ڈی سی لاہورعلی اعجاز کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ نے رائے ونڈ روڈ پر واقع کے نجی سکول کے قریب انسداد تمباکو نوشی آرڈیننس 2002 کے سیکشن 9 کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا۔ کارروائی کے دوران سکول کے قریب سگریٹ اور ممنوعہ مواد فروخت کرنے والی 5 دکانوں کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔ ڈی سی لاہور نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہ کر تعلیمی اداروں کے اطراف سگریٹ فروشی کی سخت نگرانی کریں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائیں۔ انتظامیہ کا عزم ہے کہ صحت عامہ کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کر کے شہر بھر میں عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کی مکمل حوصلہ شکنی کی جائے ۔