کم انرولمنٹ والے سرکاری کالجز کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ

کم انرولمنٹ والے سرکاری کالجز کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ

محکمہ ہائر ایجوکیشن جلد حتمی سمری منظوری کیلئے حکومت پنجاب کو ارسال کرے گا

لاہور(عاطف پرویز سے )محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے کم انرولمنٹ والے سرکاری کالجز کو مرحلہ وار آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کر لیا، جس کیلئے نئی پالیسی بھی تیار کر لی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق 100 سے 150 طلبہ تک انرولمنٹ رکھنے والے سینکڑوں کالجز کو نجی شعبے کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے ۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں 150 طلبہ تک انرولمنٹ رکھنے والے 300 سے زائد سرکاری کالجز موجود ہیں، جبکہ 100 طلبہ تک انرولمنٹ والے قریب 100 کالجز بھی آؤٹ سورسنگ پلان میں شامل کیے گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کو کالجز آف ایکسیلینس کا نام دیا گیا ہے ، جس کا مقصد کم داخلوں والے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا اور تعلیمی معیار میں بہتری لانا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے متعدد دیہی اور دور دراز علاقوں کے کالجز بھی ممکنہ آؤٹ سورسنگ فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن جلد حتمی سمری منظوری کیلئے حکومت پنجاب کو ارسال کرے گا، جس کے بعد مرحلہ وار آؤٹ سورسنگ کا عمل شروع کیے جانے کا امکان ہے ۔یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت صوبے بھر کے 13 ہزار سے زائد سکول بھی آؤٹ سورس کر چکی ہے ۔دوسری جانب تعلیمی حلقوں میں اس فیصلے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جبکہ اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے بھی مجوزہ پالیسی پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں