اوقاف کی 157وقف زمینوں پر 8ہزار ناجائز قابضین

اوقاف کی 157وقف زمینوں پر 8ہزار ناجائز قابضین

قبضہ واگزار ی کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلے بھجوائے جا چکے :ڈائریکٹر اسٹیٹ

لاہور(حمزہ خورشید سے ) صوبہ پنجاب میں محکمہ اوقاف کی وقف اراضی پر ہزاروں ناجائز قابضین ہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔ محکمانہ دستاویزات کے مطابق پنجاب بھر کی 157 وقف زمینوں پر مجموعی طور پر 8 ہزار 295 ناجائز قابضین موجود ہیں جبکہ بیشتر کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ داتا دربار کی جائیداد پر بھی 98 ناجائز قابضین قابض ہیں۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ اوقاف کے لاہور زون ایسٹ میں 517، لاہور زون ویسٹ میں 723، گوجرانوالہ زون میں 136، فیصل آباد زون میں 1401، سرگودھا زون میں 806 جبکہ ملتان زون میں 1292 ناجائز قابضین موجود ہیں۔ ڈائریکٹر اسٹیٹ اوقاف شاہد یعقوب کا کہنا ہے کہ ناجائز قابضین کے خلاف وقف پراپرٹیز آرڈیننس 1979 کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ زیر قبضہ رقبے پر کرایہ عائد کرنے کیلئے نئی پالیسی بھی مرتب کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 6 ہزار 398 ایکڑ زیر قبضہ رقبے سے متعلق کیسز عدالتوں میں زیر التوا ہیں اور قبضہ واگزار کرانے کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو مراسلے بھجوائے جا چکے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں