رواں مالی سال 6لاکھ نئی پراپرٹیز ٹیکس سسٹم میں شامل
غیر رجسٹرڈ پراپرٹیز کی نشاندہی کا عمل جاری :ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ
لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس نیٹ تیزی سے وسیع ہونے لگا، رواں مالی سال کے دوران چھ لاکھ نئی پراپرٹیز ٹیکس سسٹم میں شامل کرلی گئیں ۔حکام کے مطابق رواں مالی سال میں چھ لاکھ نئی پراپرٹیز کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا گیا جبکہ صوبے بھر میں قابلِ ٹیکس پراپرٹیز کی تعداد چون لاکھ سے بڑھ گئی ہے ۔نئے نظام کے تحت پراپرٹی ٹیکس کا تعین اب رینٹل ویلیو کے بجائے ڈی سی ریٹ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ٹیکس وصولیوں میں شفافیت اور ریونیو میں اضافہ متوقع ہے ۔محکمہ ایکسائز کے مطابق پچاس لاکھ روپے تک مالیت کی پراپرٹیز بدستور ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں جبکہ بیوہ خواتین کیلئے بھی ٹیکس چھوٹ برقرار رکھی گئی ہے ۔ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ پراپرٹیز کی نشاندہی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور ٹیکس نیٹ کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے ۔ ان کے مطابق رواں سال چھ لاکھ نئی پراپرٹیز کو سسٹم میں لانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس پر پیش رفت جاری ہے ۔