پنجاب میں ٹریفک روانی کیلئے موجودہ اقدامات ناکافی قرار
ڈویژنل کمشنرز کی ماحولیاتی آلودگی کی رپورٹ میں ہو شربا انکشافات
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )لاہور سمیت صوبہ بھر کے ڈویژنل کمشنرز کی ماحولیاتی آلودگی کی رپورٹ میں ہو شربا انکشافات ۔ ٹریفک مسائل کے سبب سالانہ پانچ لاکھ ٹن کاربن کی پیداوار فضا کوزہریلا بنانے لگی۔سرکاری دستاویزات میں ہوشربا انکشافات سامنے آگئے ،پنجاب میں سنگین ٹریفک مسائل سے سالانہ اوسطاً450ارب روپے کا معاشی نقصان ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، ٹریفک مسائل کے باعث پٹرول کی مد میں عوام کی جیبوں پر بوجھ مزید بڑھ گیا، سالانہ ٹریفک مسائل کے سبب 5لاکھ ٹن کاربن کی پیداوار، فضا کوزہریلا بنانے لگی،پنجاب میں35فیصدفضائی آلودگی کی وجہ ٹرانسپورٹ قرار، رجسٹرڈ وہیکلزمیں سالانہ 12فیصد اضافہ، مزید ٹریفک مسائل جنم دینے لگا،پنجاب میں ٹریفک روانی کیلئے موجودہ اقدامات ناکافی قرار ہیں، دستاویزات کے مطابق لاہورٹریفک مسائل کے باعث دنیا میں 144ویں نمبر پر ہے ،لاہور میں پیک آورزکے دوران ایوریج سپیڈ صرف 20کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کیا گیا ،بدترین ٹریفک نظام کے باعث پنجاب میں سالانہ تقریباً 15ہزار حادثات ہوتے ہیں۔ ٹریفک حادثات کے باعث سالانہ 4500 سے زائد اموت رپورٹ ہوتی ہیں،ناکافی پبلک ٹرانسپورٹ کے باعث 65فیصد شہری آبادی متبادل ذرائع آمدورفت استعمال کرنے پرمجبور ہیں۔ ڈویژنل کمشنرز کی رپورٹ پنجاب حکومت کو ارسال کر دی گئی ۔