وزیراعلیٰ کے حلقے میں گندگی کے ڈھیر، صفائی کی ابتر صورتحال

وزیراعلیٰ کے حلقے میں گندگی کے ڈھیر، صفائی کی ابتر صورتحال

اعوان مارکیٹ، چودھری کالونی، شمع کالونی، کماہاں،بہادر آباد کے مکینوں کو مشکلات

کاہنہ(نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے انتخابی حلقے سے تعلق رکھنے والے زون 45 میں صفائی کے انتظامات پر شہریوں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ مختلف علاقوں میں گلیوں، بازاروں اور رہائشی آبادیوں کے اطراف جمع کوڑا کرکٹ اور گندگی کے ڈھیر صوبائی حکومت کی فلیگ شپ ستھرا پنجاب مہم کے عملی نتائج کے حوالے سے کئی اہم سوالات کو جنم دے رہے ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی کارکردگی بھی عوامی تنقید کا مرکز بن گئی ہے ۔مقامی ذرائع اور علاقہ مکینوں کے مطابق اعوان مارکیٹ، چودھری کالونی، شمع کالونی، پاک کالونی، کماہاں، بہادر آباد اور دیگر ملحقہ علاقوں میں صفائی کی صورتحال مسلسل تشویشناک ہوتی جا رہی ہے ۔ کئی مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر کوڑا اٹھانے کا نظام موثر انداز میں فعال دکھائی نہیں دے رہا۔، جس کے نتیجے میں گندگی کے ڈھیر بڑھتے جا رہے ہیں۔ اہلِ علاقہ کے مطابق اگروزیراعلیٰ پنجاب کے اپنے انتخابی حلقے میں صفائی کا نظام اس نوعیت کے مسائل کا شکار ہے تو دیگر علاقوں کی صورتحال کے حوالے سے بھی سنجیدہ خدشات پیدا ہونا فطری امر ہے ۔اہلِ علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی جی ستھرا پنجاب اور ایل ڈبلیو ایم سی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ زون 45میں فوری ہنگامی بنیادوں پر خصوصی صفائی آپریشن شروع کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں